پٹنہ:10/اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے قریب واقع داناپور کے کونسلر کیدار رائے کا بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ایسے میں بی جے پی ہمیشہ مہاگٹھ بندھن سرکارکوجنگل راج کہاکرتی تھی۔چنانچہ اب یہ سوال ہونامنطقی ہے کہ گڈگورننس کادعویٰ کرنے والے نتیش کماراوراپنی پیٹھ ٹھوکنے والی بی جے پی کی سرکارمیں ریاست میں عدم تحفظ کیوں ہے؟۔اس سے پہلے گؤرکشکوں کی غنڈہ گردی کامعاملہ بھی سامنے آچکاہے۔ کیدار رائے کو آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کا قریبی بتایا جاتا ہے۔ کیدار رائے گزشتہ 20 برسوں سے داناپور سٹی کونسل کے وارڈ نمبر 15 کے کونسلر تھے۔حاصل معلومات کے مطابق، یہ واقعہ جمعرات کی صبح قریب 5.30 بجے کا ہے جب رائے اپنے گھر کے پاس ٹہل رہے تھے، تبھی موٹر سائیکل پر سوار دو لوگ ان کے پاس آئے، ان میں سے ایک نے اتر کر رائے سے تھوڑی دیر بات چیت کی اور پھر انتہائی قریب سے ان کے چہرے پر 2 گولی مار دی اور موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہو گیا۔اس حملے میں کیدار رائے بری طرح زخمی ہو گئے، جس کے بعد انہیں قریب واقع پارس ہاسپٹل لے جایا جا رہا تھا، لیکن انہوں نے راستے میں ہی دم توڑ دیا۔کیدار رائے کی بیوی بھی وارڈ نمبر 16 سے کونسلر ہیں۔ کیدار رائے کے قتل سے لوگوں میں کافی غم و غصہ ہے، جسے دیکھتے ہوئے علاقے کی سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے پریم رتن، ارجن،پرشانت اور سنجے نام کے شخص کو گرفتار کیا ہے۔ ان تینوں پر الزام ہے کہ 15 کٹھا زمین پر قبضے کے حوالے سے تنازعہ کی وجہ انہوں نے رائے کا قتل کردیا۔